جسٹس (ر)عظمت سعید شیخ نے تنخواہ اور مراعات لینے سے کیوں انکار کیا؟ جانیے حقائق اس خبر میں

 
0
162

اسلام آباد 09 مارچ 2021 (ٹی این ایس): براڈ شیٹ کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)عظمت سعید شیخ نے تنخواہ اور مراعات لینے سے انکار کردیا ، جس پر وفاقی کابینہ نے عظمت سعید شیخ کے فیصلے کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی اور مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور الیکشن کمیشن کے کردار سمیت انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کابینہ ارکان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پوری کرنےمیں ناکام رہا، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن شفاف کرانےکی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی تھی ، 2023کاالیکشن صاف ،شفاف کرانے کیلئے ابھی سےانتظامات کرنا ہوں گے، بطورحکومت شفاف انتخاب کیلئےتمام وسائل مہیاکرنے کو تیار ہیں۔

اجلاس میں کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شیخ عظمت سعید نےبطورکمیشن سربراہ تنخواہ ،مراعات لینے سے انکار کردیا ہے ، جس پر وفاقی کابینہ نےجسٹس (ر)عظمت سعید شیخ کے فیصلے کو سراہا اور فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ایجنڈا ختم کر دیا۔

کابینہ اجلاس میں سارک کوویڈ ایمرجنسی فنڈ میں عطیے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اوورسیز امپلائمنٹ پروموٹرز کو نئے لائسنس جاری کرنے اور میجر ندیم انجم کے لیے ریٹائرمنٹ شق میں تبدیلی کی سمری بھی منظور کرلی۔

وفاقی کابینہ کو اسلام آباد میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ دی گئی جبکہ نیپرا کےایپلیٹ ٹربیونل میں ممبرفنانس تعینات کرنے کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن بل 2021 کے مسودے اور اعزاز احمد کو بطورایم ڈی این ٹی ڈی سی تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔