اسلام آباد 12 مارچ 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں تعاون کی درخواست کردی۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، بلاول بھٹو نے سراج الحق سےچیئرمین سینیٹ انتخاب میں تعاون کی درخواست کی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے جب کہ رضا ربانی نے بھی سراج الحق سے رابطہ کیا اور ووٹ کی درخواست کی۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اس سے قبل امیدوار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفورحیدری نے سراج الحق سےملاقات کی اور انتخاب میں ووٹ کی درخواست کی۔
خیال رہے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب کل ہوگا ، حکومتی اتحاد کے صادق سنجرانی اور اپوزیشن اتحاد کے یوسف رضا گیلانی کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔