سینیٹ کے انتخابات میں قوم کے لیڈرز کی بکرا منڈی کی طرح خرید و فروخت ہورہی تھی: وزیراعظم

 
0
177

اسلام آباد 12 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں لیڈرز بکرا منڈی کی طرح فروخت ہو رہے تھے لیکن انصاف کے نظام نے بھی کوئی ایکشن نہیں لیا۔

سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کے دورے میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں قوم کے لیڈرز کی بکرا منڈی کی طرح خرید و فروخت ہورہی تھی اور اس پر انصاف کے نظام نے بھی کوئی ایکشن نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ میری سوچ تھی کہ ایسی یونیورسٹی ہونی چاہیے جو لوگوں کو بتائے کہ انسان اورجانور میں فرق کیا ہے، جانور دنیا میں آتا ہے، کھاتا، پیتا اور بچے پیدا کرکے مر جاتا ہے اور انسان بھی ایسا کرے تو اس میں جانور میں کیا فرق ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی کا مقصد یہ ہے کہ ہمارا دین لوگوں کی زندگی میں کیسے نافذ ہوگا، بدقسمتی سے مسجد سے باہر نکلتے ہیں تو اس پر عمل نہیں کرتے حالانکہ اسلام اچھے برے کی تمیز اورزندگی کا مقصد بتاتا ہے لیکن مسجد میں اس پر ٹرانسمٹ نہیں ہو پاتا۔