ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب صباء صادق کا دورہ قصور

 
0
345

قصورجولائی24(ٹی این ایس) ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب /چیف کمشنر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ پنجاب صباء صادق کا دورہ قصور ‘مختلف واقعات میں ہلاک ہونیوالی بچیوں کے والدین اور پولیس حکام سے ملاقات ‘شہید بچیوں کے قاتلوں کو ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ‘پولیس سمیت تمام ادارے انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں ‘وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے قتل کی ان وارداتوں کے محرکات کو جاننے اورملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی پی او کمیٹی روم میں قتل ہونیوالی بچیوں کے والدین ‘پولیس و ضلعی حکام ‘میڈیا کے نمائندگان ‘این جی اوز کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی پی او قصور اسماعیل کھاڈک ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر پنجاب صباء صادق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات پر قصور میں شہید ہونیوالی بچیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران دن رات قاتلوں کو کیفر کردر تک پہنچانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ جلد یہ درندہ صفت لوگ قانون کے کٹہرے میں ہونگے اور اس سلسلے میں مزید سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی ۔ تمام لوگ اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور شر پسند عناصر کے بارے میں پولیس کو آگاہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ میں ایک ماں ہونے کی حیثیت سے اس دکھ اور درد کو محسوس کر سکتی ہوں وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف بھی بچیوں کیساتھ ہونیوالے واقعات پر رنجیدہ ہے ۔انہوں نے والدین کو اس بات کا یقین دلایا کہ جب تک قاتل گرفتار نہیں ہو جاتے وہ خود سارے معاملے کی نگرانی کرینگی اور ہر قیمت پر قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا ۔