سعودی فرمانروا، ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

 
0
247

اسلام آباد 22 مارچ 2021 (ٹی این ایس): سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان نے کورونا میں مبتلا وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی خیریت اور نیک خواہشات کے لئے خط لکھا گیا۔

خط میں سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کےجلدصحت یاب ہونے کے لئے دعاگو ہیں جبکہ ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کےلئے دلی طور پر نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے عالمی رہنماؤں کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی،قطر کے امیر اور مالدیپ اور ورلڈ اکناک فورم کے صدور سمیت امریکی سفارتخانہ اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے نیک خواہشات کااظہارکرتے ہوئے وزیراعظم کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر،جرمن سفیر ،ڈنمارک کی سفیر اور فرانسیسی سفارتخانے کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے ٹوئٹ کئے گئے۔

یاد رہے دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا ۔