بزنس کمیونٹی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال

 
0
263

اسلام آباد 04 اپریل 2021 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو  کے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ  بزنس کمیونٹی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال بزنس کمیونٹی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، نیب نے سیلز ٹیکس ، انکم ٹیکس اور انڈر انوائسز سے متعلق بزنس کمیونٹی کے معاملات قانون کے مطابق ایف بی آر کو بھیجے ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ نیب زیرو کرپشن سو فیصد ترقی پر یقین رکھتا ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے رشوت اور اقربا پروری کو بڑی لعنت قرار دیا جو کہ ایک زہر بھی ہے، ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو بدعنوانی کے خاتمہ اور لوٹی گئی رقم کی ریکوری کیلئے قائم کیا گیا تھا، نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے، پاکستان نے اس کنونشن کی توثیق کر رکھی ہے، نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب کی بدعنوانی کی کوششوں کو قومی اور بین الاقوامی معتبر اداروں جیسے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، عالمی اقتصادی فورم، پلڈاٹ اور مشال پاکستان نے سراہا ہے۔ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر اربوں ڈالر کا قرضہ ہے اور کوئی پتہ نہیں کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی، نیب ان لوگوں کے مقدمات کی پیروی کر رہا ہے جن کے پاس 1980 میں کچھ نہیں تھا تاہم اب وہ بڑی بڑی عمارتوں کے مالک بن چکے ہیں، انہوں نے یہ رقم کہاں سے حاصل کی، اب ان کے غیر قانونی اقدامات، اختیارات کے ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے بارے میں ان سے پوچھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  نیب نے گذشتہ تین سال کے دوران 487 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب صرف ریاست پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک کاروبار دوست ادارہ ہے۔