پائیدارترقی کیلئے توجہ ایس ایم ایز پرمرکوز،چھوٹے قرضوں سے مقامی روزگارکے مواقع بڑھیں گے، وزیرخزانہ شوکت ترین

 
0
280

اسلام آباد 06 مئی 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ حکومت پائیدارترقی کیلئے چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبار کے شعبے (ایس ایم ایز) پرتوجہ مرکوزکررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں وفاقی وزیرصنعت وپیداوارمخدوم خسروبختیار کے ساتھ ایس ایم ایز کیلئے قرضے کی نئی سکیم کی خصوصیات پرمیٹنگ کے دوران کہی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود بھی اس موقع پرموجودتھے جبکہ گورنرسٹیٹ بینک رضاباقرویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

گورنرسٹیٹ بینک نے وزیرخزانہ کوچھوٹے کاروبار کوکمرشل بینکوں کے نیٹ ورک کے ذریعہ تین سال کی مدت میں آسان فنڈز(قرضے) دینے کی تجویزپربریفنگ دی۔بینک چھوٹے کاروبارتک اختراعی مصنوعات کے زریعےرسائی حاصل کرے گا جبکہ حکومت بینکوں کورسک شئیرنگ کی سہولت دے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک لاکھ سے سے زیادہ چھوٹے کاروبار کمرشل بینکوں سے ایس ایم ای قرضہ کی سہولت حاصل کررہے ہیں،نئی سکیم سے آئندہ تین سالوں میں چھوٹے کاروبار کیلئے قرضوں کی فراہمی کی شرح میں 30 فیصداضافہ ہوگا

۔وزیرخزانہ نے سکیم کی تعریف کی اوراس سکیم کوشروع کرنے کیلئے ابتدائی فنڈز (سیڈمنی) فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے قرضوں کی فراہمی سے مقامی سطح پرروزگارکے مواقع بڑھیں گے جس سے مجموعی قومی پیداوار اورپائیداراقتصادی بڑھوتری میں اضافہ ہوگا۔