آزادانہ ۔منصفانہ۔شفاف انتخابات کے لئےالیکٹورل ریفارمز وقت کی ضرورت ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

 
0
205

اسلام آباد 24 مئی 2021 (ٹی این ایس: خصوصی رپورٹ؛ اصغرعلی مبارک سے): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکٹورل ریفارمز وقت کی اہم ضرورت ہیں، ایسے انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، الیکٹرانک ووٹنگ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کی ضامن ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی، لاہور ہائی کورٹ بار راولپنڈی بینچ، پنجاب بار کونسل اور ہائی کورٹ بار ملتان بینچ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وکلاءبرادری نے انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات کے لئے حکومت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ وکلاءبرادری نے حکومت کے الیکٹورل ریفارمز کو آگے بڑھانے کے عمل کو سراہا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وکلاءبرادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خاندان سیاست یا وکالت کے پیشے سے پہچانا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وکلاءکو پروفیشنل لونز فراہم کئے جائیں گے جبکہ 45 سال سے کم عمر کے وکلاءکو اپنے چیمبرز تعمیر کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا آسان قرضہ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وکلاءاور صحافیوں کے لئے وزیراعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں 10 مرلے تک کے گھر کے لئے 60 لاکھ روپے تک قرضہ کی فراہمی کی تجویز زیر غور ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہائی کورٹ اور سیشن کورٹس میں ویکسی نیشن سینٹرز کے قیام کے لئے وفاقی وزیر اسد عمر سے بات ہوئی ہے، آئندہ چند روز میں اس پر مزید پیشرفت متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور وکلاءکیلئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کیلئے بھی کاوشیں کریں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کے وکلاءکے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے کمشنر راولپنڈی کے ساتھ وکلاءکی ملاقات کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دور ڈیجیٹل ہے، لیگل سسٹم کی مضبوطی کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور ریفارمز ضروری ہیں، وکلاءکو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ورکشاپس کا انعقاد بھی کروائیں گے۔ وکلاءنے ورکشاپ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ملاقات کرنے والوں میں ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر عبدالرزاق خان جنرل سیکریٹری شہزاد علی بھٹی سینئر نائب صدر شاہدہ تنویر چوہدری ۔ایڈیشنل سیکرٹری جنرل روحما قریشی اور ممبرایگزیکٹیو کمیٹی مس طاہرہ بانو مبارک اور دیگر شامل تھے۔ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے وفد میں صدر رضوان اختر اعوان اور جنرل سیکریٹری عمران یوسف نیازی، نائب صدر انصر محبوب، جوائنٹ سیکریٹری عائشہ اشتیاق، ایگزیکٹو ممبران سدرا اشرف رانا، رقیہ، ساجد تنولی، اکمل عباسی، بابر نوید، جنید اختر، توقیر محمود، سخاوت حسین شاہ، فائنس سیکریٹری غیاث اور لائبریری سیکریٹر امجد اعوان شامل تھے۔پنجاب بار کونسل کے وفد کی قیادت بشارت خان، اسد محمود عباسی، چوہدری آصف محمود لکھن، فرخ عارف بھٹی اور توفیق آصف بھٹی نے کی جبکہ ہائی کورٹ بار ملتان کے وفد کی قیادت صدر ملک سجاد حیدر اور جنرل سیکریٹری سید ریاض نے کی۔