موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

 
0
243

اسلام آباد 28 مئی 2021 (ٹی این ایس): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میرٹ اور قانون کی بالادستی کا نام ہے،وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کیلئے جس حکمت عملی کے ساتھ کام کیا وہ قابل تحسین ہے، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت داﺅ پر لگی ہوئی ہے جبکہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، سٹاک ایکسچینج ا گراف بلند ہو رہاہے، زر مبادلہ کے ذخائر بھی بڑھ گئے ہیں اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گذشتہ روزادارہ مجلس ترقی ادب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔ قاسم خان سوری نے کہاکہ اس وقت دنیا کے بہت سے ممالک کی نسبت پاکستان میں پٹرول سستا ہے جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ مجلس ترقی ادب میں امتیاز علی تاج ¾احمد ندیم قاسمی ¾ شہزاد احمد جیسی نامورشخصیات خدمات سرانجام دیتی رہی ہیں، یہ ایک تاریخی ادارہ ہے اور منصور آفاق کی یہاں تعیناتی کے بعد مزید ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مذکورہ ادارے کی ترقی کےلئے 22 ملین کی گرانٹ منظور کر لی ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور 600 ارب کا پیکیج دیا گیا ہے جس سے اس صوبے کی احساس محرومی کافی حد تک ختم ہو جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی، پچھلے دس سالہ دور میں صرف 11سو کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی تھیں جبکہ پی ٹی آ ئی حکومت کے اڑھائی سال میں بلوچستان میں 33 سو کلومیٹر نئی سڑکیں اور اہم شاہراہیں تعمیر ہو رہی ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پی ٹی آئی کی حکومت کا بڑا انقلابی قدم ہے جس سے غریب آدمی بھی پرائیویٹ ہسپتال میں اپنا علاج معالجہ کروا سکتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات کے بعد میرے لئے یہ امر بہت حوصلہ افزاہے کہ ہیلتھ کیئر پنجاب کے شعبہ میں 35 ہزار نئی نوکریاں دی جا رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جس طرح فلسطینیوں کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑا وہ قابل تحسین ہے، حکومتی کاوشوں سے پوری دنیا میں اس وقت فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی جا رہی ہے اور اسرائیل کی منفی پالیسیوں کی مذمت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مدبرانہ انداز میں مسلم امہ کے مسائل کو اجاگر کیا اور کشمیر کے ساتھ ساتھ فلسطین کے مسئلے کو بھی عالمی فورمز پر اٹھایا ہے۔امن و امان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے، یہاں پر محکمہ پولیس کو بیشتر چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے عملی ٹریننگ کی بے حد ضرورت ہے۔ سندھ اور پنجاب کے مابین پانی کے حوالے سے پائے جانے والے تحفظات بہت جلد دور کر دیئے جائیں گے ، فہمیدہ مرزا اس مسئلے کے حل کیلئے کوشاں ہیں، پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے صوبوں کے مابین اس کی منصفانہ تقسیم پر پیدا ہونے والے تنازعات کو مستقل حل کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت کی سنجیدہ کاوشوں میں سب سے پہلے نئے ڈیمز کی تعمیر ہے، ملکی تاریخ میں پچاس برس کے بعد تین نئے بڑے ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔ پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو اپنی کرپشن کو بچانے کےلئے مختلف حربے استعمال کر رہا ہے۔ قبل ازیں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سور ی نے صدر مجلس ترقی ادب منصور آفاق اور رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری ملک احمد خان بھچر سے بھی ملاقات کی۔