پاکستان میں تیار کردہ ویکسین ‘پاک ویک’ متعارف کرنا کورونا سے بچاؤ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے: اسد عمر

 
0
98

اسلام آباد 01 جون 2021 (ٹی این ایس): عالمی وبا سے بچاؤ کے عمل کو تیز کرنے کے لیے چین کی مدد سے تیار کردہ اور پاکستان میں پیکنگ کے بعد کورونا ویکسین ‘پاک ویک’ کو متعارف کرادیا گیا۔

چین کی مدد سے پاکستان میں تیار کی جانے والی کورونا ویکسین ‘پاک ویک’ کے اسلام آباد میں لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ قدم جو آج اٹھایا گیا ہے یہ کورونا سے بچاؤ کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین کی پیکنگ کے عمل کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام دنیا سمیت کووڈ، پاکستان کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے لیکن ہر مشکل گھڑی میں کچھ مواقع بھی دستیاب ہوتے ہیں اور ہم نے ان مواقع کا استعمال کرنے کی کوشش کی۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ جو فیصلے ہم کررہے ہیں وہ آج کے مسئلے کے لیے تو ہماری مدد کریں لیکن یہاں سے ہم جو سیکھ رہے ہیں، جو کمزوریاں ہمیں نظر آرہی ہیں ان کا مستقل حل بھی نکالتے جائیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سے نظام صحت کا اختیار صوبوں کے پاس ہے لیکن اس حوالے سے معلومات نہیں ملتیں کہ کوئی قومی فیصلہ ہوسکے کیونکہ یہ بیماری ملکوں کی سرحدوں کو تسلیم نہیں کرتی، آمدن، مذہب کو نہیں دیکھتی۔

انہوں نے کہا کہ اچھے فیصلے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ یہ معلوم ہو کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، نظامِ صحت میں کتنی صلاحیت موجود ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ اس ضمن میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے ذریعے مضبوط ڈیٹا مرتب کیا گیا، اس میں این آئی ایچ اور دیگر ذیلی اداروں نے بہت بڑا کردار ادا کیا اور وہ صورتحال پیدا ہوئی کہ روزانہ صبح ہمارے پاس پورے ملک کی واضح صورتحال موجود ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہسپتالوں کے حوالے سے ہمیں فکر تھی کیونکہ ہمیں آکسیجن کی کمی ہوجانے کے خدشات لاحق تھے کہ خطے میں ایسی صورتحال دیکھی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر میں جتنے مریض آکسیجن پر تھے اس سے 60 فیصد زیادہ مریض تیسری لہر میں تھے جو ہم نے اب دیکھا لیکن پہلی لہر کے دوران یہ زیادہ سنا گیا ہوگا کہ ہسپتالوں میں بیڈ نہیں ہیں لیکن تیسری لہر میں یہ بات سنی نہیں گئی کیونکہ اس حوالے سے مؤثر انتظامات کیے گئے۔

اسد عمر نے کہا کہ صحت کا سب سے بڑا منصوبہ ہم نے اس سال کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لانچ کیا اور 60 ارب روپے کی رقم وفاق جبکہ دیگر صوبوں کی رقم ملا کر 100 ارب روپے نظامِ صحت کی بہتری کے لیے خرچ کیے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج ہم جس مقصد کے لیے یہاں موجود ہیں اس کے دیرپا نتائج حاصل ہوں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہماری آنکھوں کے سامنے چند ماہ میں بڑا انقلاب آیا، حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت بنیادی چیزیں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت دنیا میں پہلی ڈیمانڈ کورونا ویکسین کی ہے اور دیگر مغربی کورونا ویکسینز کے مقابلے میں پاکستان میں چینی ویکسین کی مانگ سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ہمیں چین کی معاونت حاصل ہے، ہم چین کی ترقی سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور آپ سب جانتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان متعدد مرتبہ چین کی ترقی کا حوالہ بھی دیتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ چین نے ہمیشہ کی طرح پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اس عالمی چیلنج میں بھی چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اس پر ہم چین کے مشکور ہیں۔