تمام مزارات و درگاہیں کھل گئیں

 
0
348

کراچی 28 جون 2021 (ٹی این ایس): صوبہ سندھ کے محکمہ اوقاف نے آج سے صوبے میں تمام مزارات اور درگاہیں کھول دیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ اوقاف سندھ نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے ایڈمنسٹریٹرز برائے اوقات کو اس ضمن میں باقاعدہ مراسلے بھیج دیے ہیں۔

محکمہ اوقاف کی جانب سے بھیجے جانے والے مراسلوں میں کہا گیا ہے کہ تمام مزارات اور درگاہیں زائرین کے لیے کھول دی جائیں لیکن ساتھ ہی ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ زائرین کو ماسک کے استعمال کی تاکید کی جائے اور سماجی فاصلہ بھی برقرار رکھا جائے۔ اس سلسلے میں منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً ایس او پیز کے حوالے سے لاؤڈ اسپیکرز پر اعلانات بھی کرتے رہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ اوقاف نے واضح طورپر جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا ہے کہ زائرین کو حاضری کے لیے صرف 10 منٹ دیے جائیں ، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مزار یا درگاہ کے اندر اجتماع یا رش نہ لگے اور ساتھ ہی لنگر کی تقسیم پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر اور 14 سال سے کم عمر بچوں کو مزارات و درگاہوں میں میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔