ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ طے شدہ معاہدے کے تحت فوری کی جائے۔ چوہدری محمد یٰسین

 
0
306

پارلیمنٹ لاجز سے عرفان خان کو مزدور یونین کا مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نامزدکرنے کی تقریب سے خطاب۔
اسلام آباد 03 اگست 2021 (ٹی این ایس): سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین گروپ انتخابی نشان چاند ستارہ کے زیراہتمام مرکزی الیکشن آفس میں پارلیمنٹ لاجز سے عرفان خان کو تنظیم کا مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نامزدکرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ ہماری تنظیم مزدور یونین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے اپنے دور میں نہ صرف چارہزارسے زائد ریگولرملازمین اور پانچ سو بیواؤں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کروائی بلکہ مزید چارہزار پلاٹ ریگولر و ریٹائرڈ ملازمین کے لیے ڈویلپ سیکٹرز میں منظورکروانے کے بعد 30اپریل 2011کوان کی قرعہ اندازی کی تاریخ مقررکروائی لیکن سی ڈی اے محنت کشوں کے خلاف میر جعفر اور میرصادق کا کرداراداکرنے والے ڈھول گروپ اور اسکی بغل بچہ تنظیم نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے اس قرعہ اندازی کے خلاف حکم امتناعی لے لیا اور مزدور یونین سات سالہ طویل جدوجہد کے بعد ان پلاٹوں کا فیصلہ 2018میں ملازمین کے حق میں کروانے میں کامیاب ہوئی جبکہ بدقسمتی سے اس وقت یہ نااہل ٹولہ اور اسکے اتحادی جو انتظامیہ کے کاندھوں پر سوارہو کر اقتدار میں آچکے تھے لیکن چونکہ عدالتی فیصلہ بنام سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین کے حوالے سے آنے کی وجہ سے مزید ساڑھے تین سال گزرنے کے باوجود یہ مزدور دشمن ٹولہ ان پلاٹوں کی قرعہ اندازی نہ کرواسکا،سی ڈی اے مزدور یونین کی قیادت اور ورکر حکومت الوقت،چیئرمین سی ڈی اے،بورڈ ممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدور یونین کے منظور شدہ پلاٹوں کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں سی ڈی اے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کے تحت محنت کشوں کو دینے کے لیے انکی فوری طورپر قرعہ اندازی کروائی جائے اور ملازمین کے پلاٹوں کے راستے میں جو مزدور دشمن رکاوٹ پیداکرنے کی کوشش کرے سی ڈی اے کا ہر محنت کش اسکا مکمل محاسبہ کرے،مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے پارلیمنٹ لاجز سے نئے نامزد ہونے والے جوائنٹ سیکرٹری عرفان خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آنے والے وقت میں تنظیم کی باگ ڈورمکمل طور پر نوجوان قیادت کومنتقل ہو جائے اور میں امیدکرتا ہوں کہ وہ تمام نئے نامزد ہونے والے عہدیداران جس سے مزدور یونین کے تمام عہدیداران اور کارکنوں کو امیدیں وابستہ ہیں وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سرانجام دیں گے۔