این سی او سی کا اہم اجلاس، راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش

 
0
585

اسلام آباد 09 اگست 2021 (ٹی این ایس): این سی او سی نے راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے صوبوں کوایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں این سی او سی نے راولپنڈی، پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارتشویش کرتے ہوئے صوبوں کوایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔

اجلاس میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا اور ملک میں جاری ویکسینیشن پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ویکسین کی دوسری ڈوز بروقت لگانےکیلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سےصرف ویکسینیٹڈ شہری ریل پرسفرکرسکیں گے۔

یاد رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 4 ہزار 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 53 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت کورونا کیسز کی شرح7.54فیصد رہی جبکہ صوبائی حکومتوں نے وبا پر قابو پانے کے لیے ہرممکن کوششیں کیں اور کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔