صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لیےفیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے آرڈیننس کی منظوری دے دی

 
0
150

اسلام آباد 21 اگست 2021 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام کے لیے “فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹیز مینجمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کے آرڈیننس کی منظوری دی ہے۔

صدر مملکت نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل89 کے تحت آرڈیننس کی منظوری دی ہے۔آرڈیننس کا مقصد حکومت کے اثاثوں کے موثر انتظام اور استعمال کیلئے اندرون ملک اور بیرون ملک سے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور خصوصی منصوبے شروع کرناہے۔

حکومت اپنی خواہش پر جب چاہے مقامی یا غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شراکت سے آمدنی میں اضافہ ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے ، پاکستان کے انسانی وسائل کو ترقی دینے، برآمدات بڑھانے، معاشی نمو کو بڑھانے اور لوگوں کو خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے وفاقی حکومت کے اثاثوں سے استفادہ کر سکے گی۔

اتھارٹی ایک کارپوریٹ باڈی ہو گی جو اس آرڈیننس کے مطابق اثاثوں کو حاصل کرنے، رکھنے اور استعمال کرنے کے اختیارات اور افعال کے ساتھ کام کر سکے گی اور مذکورہ نام پر مقدمہ بھی دائر کیا جا سکے گا۔ ا تھارٹی کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہوگا اور یہ حکومت کی پیشگی منظوری کے ساتھ ملک بھر میں ضرورت کے مطابق دفاتر قائم کر سکے گی۔

حکومت اتھارٹی کو کوئی اثاثہ منتقل کر سکتی ہے اور اس طرح کی منتقلی پر یہ آرڈیننس خصوصی طور پر منتقل شدہ اثاثوں پر لاگو ہوگا۔ اتھارٹی مختلف سرکاری اداروں کی ملکیت کے اثاثوں کا ڈیٹا بیس بنائے گی اورحکومت کو سفارش کرے گی کہ ایسے اثاثے اتھارٹی کو سرمایہ کاری کے لیے منتقل کیے جائیں ،

اتھارٹی کسی بھی اثاث کی ملکیت حاصل کر سکے گی اور اثاثوں کے حوالے سے کیے گئے تمام قانونی معاملات کے ساتھ ساتھ اتھارٹی مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اثاثوں کی شناخت اور تجاویز بھی پیش کر سکے گی ۔