نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن کی انٹری پر لاہور کے اسپتال کے 2 اعلیٰ افسران معطل

 
0
145

اسلام آباد 24 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور میں کورونا کی جعلی ویکسینیشن پر 2 اعلیٰ افسران کو معطل کردیا گیا۔

کورونا ویکسین کے غلط اندراج پر محمکہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے لاہور میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کو معطل کردیا۔ اسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیر احمد کو بھی غفلت اور نااہلی کے باعث معطل کرتے ہوئے محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کردیا گیا اور انہیں ایم ایس کا اضافی چارج دیدیا گیا۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن میں مقیم ہیں لیکن پاکستان میں این سی او سی کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق انہیں 22 ستمبر 2021 کو لاہور کے ایک ہسپتال میں کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔ اس واقعے سے ملک میں جعلی طریقے سے کورونا ویکسینیشن کے اندراج کے خدشات زور پکڑنے لگے ہیں۔