احساس پروگرام کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعدد پروگرام شروع کئے گئے ہیں، ڈاکٹر ثانیہ نشترکا ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال

 
0
152

اسلام آباد 24 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعدد پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان شفافیت اور گڈ گورننس پر یقین رکھتے ہیں۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح کا تعین ادارہ شماریات کرتا ہے، ملک میں 2018-19 میں غربت کی شرح 21.9 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے دائرہ کار میں بہت سے پروگرام آتے ہیں، 34 ادارے ان پروگراموں پر عملدرآمد کرتے ہیں، 115 اضلاع میں بلا سود احساس قرضہ پروگرام جاری ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت احساس لنگر خانے قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام بیت المال کے تحت آتا ہے، احساس نشو و نما پروگرام، احساس انڈر گریجوایٹ پروگرام، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث بی آئی ایس پی کے پروگرام بند کئے گئے، وسیلہ روزگار، وسیلہ حق اور وسیلہ صحت پروگرام کرپشن کے باعث بند کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کر رہے ہیں، ستارہ مارکیٹ میں ون ونڈو آپریشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام شفافیت پر مبنی ہے اور اس پر سیاست نہیں ہو رہی کیونکہ وزیراعظم عمران خان شفافیت اور گڈ گورننس پر یقین رکھتے ہیں۔