اسلام آباد 24 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق اپوزیشن کی تجاویز سننے کے لئے تیار ہے، افغانستان سے متعلق علاقائی سوچ کے تحت اجتماعی فیصلہ کریں گے، حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کے لئے جامع اقدامات کئے ہیں۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمن کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت یقینی بنائی جا سکتی ہے، روس میں حالیہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ کا استعمال کیا گیا، یہ ہمارے ایجنڈے کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کا مقصد ووٹ ڈالنے کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے، ای وی ایم سے متعلق اپوزیشن کی تجاویز سننے کے لئے تیار ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے افغانستان میں امن عمل اور افغانستان کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ افغانستان سے متعلق علاقائی سوچ کے تحت اجتماعی فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال گندم کی ہدف سے زیادہ ریکارڈ 27.3 ملین ٹن پیداوار ہوئی، تاہم گندم کی مانگ بڑھ کر 29.5 ملین ٹن ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں، کسان کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے اور کسانوں کو 1100 ارب روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔