وزیراعظم نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر، افغان صورتحال، غریب ملکوں سے لوٹی ہوئی دولت اور ماحولیات بارے مدلل اور جامع گفتگو کی، وفاقی وزیر اطلاعات

 
0
192

اسلام آباد 25 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر، افغانستان کی صورتحال، غریب ملکوں سے لوٹی ہوئی دولت اور ماحولیات کے بارے میں مدلل اور جامع گفتگو کی، وزیراعظم نے دنیا کے سامنے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے ورچوئل خطاب کو سراہتے ہوئے ہفتہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب کے چار بنیادی موضوعات تھے، وزیراعظم نے ان چاروں موضوعات پر مدلل اور جامع گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کیا، وزیراعظم نے دنیا کو باور کرایا کہ کس طرح بھارت میں آر ایس ایس نظریئے پر مودی کی فاشسٹ حکومت اقلیتوں کا قتل عام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے خطاب میں نہ صرف پاکستان، خطے بلکہ عالمی دنیا کو درپیش چیلنجز کا بہترین احاطہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کو بتایا کہ افغانستان کو تنہاچھوڑا گیا تو یہ خطے اور پوری دنیا کے لئے خطرناک ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں غریب ممالک سے لوٹی گئی دولت امیر ممالک کو منتقل کرنے کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے باور کرایا کہ غریب ممالک سے لوٹی ہوئی دولت امیر ممالک کو منتقل ہونے سے امیر ملکوں کے خلاف نفرت پیدا ہو رہی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے کرہ ارض کو لاحق خطرات کے لئے اپنی عالمی ذمہ داریوں کے تناظر میں کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا،

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کی طرف سے 10 بلین ٹری سونامی کے ذریعے پاکستان میں دوبارہ جنگلات اگانے، قومی ماحول کو تحفظ دینے، شہروں سے آلودگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے چاروں موضوعات پر بہت مدلل اور جاندار دلائل کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا، پوری قوم وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور پورا پاکستان عمران خان کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے