پاکستان میں 80فیصد خواتین شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں جوکہ ملکی شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی سماجی ومعاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ملک ابرار حسین

 
0
126

اسلام آباد 25 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80فیصد خواتین شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں جوکہ ملکی شرح خواندگی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی سماجی ومعاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور کہا ہے کہ کورونا سے متاثرہ نجی تعلیمی اداروں کوریلیف دینے کا حکومتی وعدہ تاحال پورا نہیں ہوا ہے جس سے نجی شعبہ تاحال مسائل کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایریا ایجوکیشن انچارج فی میل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ ملکی تعلیمی ترقی میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے اس وقت ملک بھر میں اسی فیصد سے زائد خواتین شعبہ تدریس سے منسلک ہیں جو ملک میں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ نسل نو کو معاشرے کا مفید شہری بنانے پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران سب سے زیادہ نجی تعلیمی شعبہ متاثر ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے جو ریلیف کے وعدے کیے گئے تھے ان پر عمل درآمد تاحال نہ ہونے سے چھوٹے تعلیمی ادارے باالخصوص شدید مسائل سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر فی الفور عمل درامد یقینی بنائے تاکہ یہ شعبہ دوبارہ اپنے پاوں پر کھڑا ہو سکے۔ ملک ابرار حسین نے تعلیمی ترقی میں ایریا ایجوکیشن انچارج صاحبات کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ۔