وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کے فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

 
0
221

اسلام آباد 26 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سفارتخانے کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ماحولیات کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ یہ کانفرنس، خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے۔

شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر اپنانے میں مدد ملے گی۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

رواں سال نیویارک اور اسلام آباد میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے، افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری، کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا