بلوچستان، عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ نئےقائد ایوان منتخب

 
0
608

کوئٹہ 29 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس):‏ عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی میں بلا مقابلہ نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں۔ڈپٹی اسپیکرسرداربابر موسیٰ خیل کی زیرصدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔عبدالقدوس بزنجو کو39 ووٹ ملے۔

عبدالقدوس بزنجوآج وزیراعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھائیں گے۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے بلامقابلہ انتخاب کے بعد وہ گورنر ہاﺅس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر بلوچستان سید ظہورآغا قدوس بزنجو سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں اراکین اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سول و ملڑی حکام شرکت کریں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما جام کمال نے اپنی ہی جماعت کے باغی اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر اسمبلی میں ہونے والی رائے شماری سے ایک روز قبل ہی وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد بی اے پی نے نئے وزیراعلیٰ کے لیے عبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا تھا۔

سال2018 کے عام انتخابات میں عبدالقدوس بزنجو آواران سے بلوچستان عوامی پارٹی کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ انہیں سپیکربلوچستان اسمبلی کے عہدے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ بلوچستان کی تمام پارٹیوں کا اعتماد پر مشکور ہوں، اب منانے کیلئے کوئی نہیں رہ گیا، حلف لینے کے بعد باتیں نہیں عملی کام نظر آئے گا۔