وزیر اعظم نے کالعدم جماعت سے متعلق وزرا کو بیانات دینے سے روک دیا

 
0
94

اسلام آباد 02 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے وزرا کو کالعدم جماعت سے متعلق بیانات دینے سے روک دیا۔وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی، معاشی اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت اور کالعدم جماعت کے درمیان معاہدے پر گفتگو ہوئی جبکہ وزیر اعظم نے کالعدم جماعت سے متعلق وزرا کو بیانات دینے سے روک دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمن غیر ذمہ دارانہ بیانات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس لیے مذہبی معاملات اور حساس ایشوز پر آئندہ بیانات میں احتیاط برتی جائے۔

ذرائع کے مطابق اعظم سواتی اور فواد چودھری کی الیکشن کمیشن کے نوٹس کے معاملہ پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم نے آئندہ پیشی پر تمام وزرا کو اعظم سواتی کے ساتھ الیکشن کمیشن جانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزرا اتحاد کا مظاہرہ کریں کیونکہ اتحاد میں طاقت ہے اور دلیری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ریفارمز لانا آسان نہیں ہے مشکلات آتی ہیں جس کا مل کر سامنا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں سب کو متحد ہو کر سامنے آنا چاہیے۔