آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 رائونڈ میں جمعہ کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے

 
0
162

اسلام آباد 04 نومبر 2021 (ٹی این ایس): آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2021، سپر 12 رائونڈ میں (کل) جمعہ کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ نیوزی لینڈ اور نمیبیا کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ سٹیڈیم ،شارجہ میں کھیلا جائے گا ، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کریں گے اور نمیبیاکی ٹیم گیرہارڈ ایراسمس کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دوسرے میچ میں بھارت اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں انٹرنیشنل سٹیڈیم ، دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔ بھارتی ٹیم کی کمان ویرات کوہلی سنبھالیں گے جبکہ سکاٹ لینڈ ٹیم کی قیادت کائل کوٹزر کریں گے۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔