اینکرنعمان نیاز اور شعیب اختر میں صلح ہو گئی

 
0
83

اسلام آباد 13 نومبر 2021 (ٹی این ایس): سابق فاسٹ بالر شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز میں صلح ہوگئی ہے ۔دونوں شخصیات کی صلح وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے گھر پر ہوئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نعمان نیاز شعیب اختر کے ہمراہ کھڑے ہیں اور ان کے سامنے ان سے اپنے کیے گئے غیر اخلاقی عمل کی معافی مانگ رہے ہیں۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ شیبی جو کچھ بھی ہوا میں اس پر تہ دِل سے معافی مانگتا ہوں، مجھے بہت افسوس ہے جو اسکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہماری 30 سال کی دوستی ہے جو ختم نہیں ہونی چاہیے۔

دونوں شخصیات کی صلح کے موقع پر وزیراطلاعات فوادچوہدری اور سینئر اینکر سلیم صافی بھی موجود تھے۔

اس سے قبل بھی نعمان نیاز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں تلخ کلامی ہوئی تھی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے کرکٹر کو آن ائیر پروگرام سے جانے کا کہا جس پر شعیب اختر نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔