پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو اسمبلی سے جلد منظور کرایا جائے: وزیر اعظم

 
0
299

اسلام آباد 21 نومبر 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے وزیر بلدیات پنجاب سے ملاقات میں کہا ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو اسمبلی سے جلد منظور کرایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید کی پرائم منسٹر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے میاں محمود الرشید کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کا ٹاسک دے دیا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کے لئے قانونی کارروائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

وزیر بلدیات میاں محمود الرشید کی وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ میاں محمود الرشید نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کے نمایاں خدوخال سے بھی آگاہ کیا۔

محمود الرشید نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کا مسودہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کا مقصد نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نئے ایکٹ کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو زیادہ بااختیار بنایا جائے گا۔ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے عوام کو بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے انصاف صحت کارڈ اور احساس پروگرام کے متعلق تقریبات کے انعقاد کی بھی ہدایت کی ہے۔