قوم نے نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کو قبول نہیں کیا ،تاریخ بھی قبول نہیں کریگی‘ نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

 
0
495

اسلام آباد جولائی 29(ٹی این ایس )پاکستان کے نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کے فیصلوں پر عمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے نوازشریف کی نااہلی کے فیصلے کو قبول نہیں کیا اور تاریخ بھی اس فیصلے کو قبول نہیں کرے گی،حکومت تمام منصوبے اور اہداف حاصل کرے گی جس سے پاکستان کی معیشت مضبوط اور مسائل حل ہوجائیں گے۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عبوری وزیر اعظم نامزد کرنے کا فیصلہ لیڈرشپ کا تھا لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ پارٹی میں اس عہدے کا کوئی امیدوار نہیں تھا اور پارٹی نے جو فیصلہ کیا سب نے اس کو قبول کیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی میں تمام اراکین اسمبلی موجود تھے کسی کو ڈھونڈنا نہیں پڑا اور پارٹی میں کوئی دراڑ نہیں ۔نامزد عبوری وزیراعظم نے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ اس فیصلے کو عوام نے قبول نہیں کیا اور تاریخ بھی اس فیصلے کو قبول نہیں کرے گی۔