اسلام آباد 29 نومبر 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد ، سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تجاوزات وغیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری، مختلف علاقوں میں درجنوں غیر قانونی تعمیرات اور اسٹالز مسمار،تجاوزات کنندگان کا 2 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پیر کے روز تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن کئے۔ یہ آپریشن سیکٹر I-11، سیکٹر G-10/4، بری امام اور لہتراڑ روڈ پر کی گئی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے گھروں کے باہر قائم تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں سیکٹر G-10/4 میں 45 گھروں کے باہر سرکاری اراضی پر بنائے گئے 20 فینسز، 8 داخلی دروازے، 1 کمرہ ، 8 چار دیواریاں، 6 شیڈز اور 1 سیڑھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دی۔ اسی طرح لہتراڑ روڈ کے اطراف تجاوزات ہٹانے کے لئے بھی بھر پور کارروائی کی گئی جسکے دوران روڈ کے اطراف سے تجاوزات ہٹاتے ہوئے تجاوزات کنندگان کا 2 ٹرک سامان ضبط کر لیا۔ علاوہ ازیں سیکٹر I-11/4 ٹمبر مارکیٹ سے ملحقہ سرکاری اراضی پر قائم کیے گئے درجنوں غیر قانونی ٹائلوں کے اسٹالز مسمار کر دئے۔ بعدازاں تھرڈ روڈ بری امام نزد گیٹ نمبر 5 سرکاری اراضی پر نئی ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کیا گیا۔