وزیر اعظم پاکستان کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ کو ڈیجیٹل بنانے کے وژن کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور سروے آف پاکستان (ایس او پی) نے کیپیٹل ٹیریٹری کی ڈویلپمنٹ کے لیے سی ڈی اے کی منصوبہ بندی کے مطابق سروے اور میپنگ کے کام میں تعاون کے لئے باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے

 
0
246

اسلام آباد: 12 جنوری، 2020 (ٹی این ایس): وزیر اعظم پاکستان کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ کو ڈیجیٹل بنانے کے وژن کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور سروے آف پاکستان (ایس او پی) نے کیپیٹل ٹیریٹری کی ڈویلپمنٹ کے لیے سی ڈی اے کی منصوبہ بندی کے مطابق سروے اور میپنگ کے کام میں تعاون کے لئے باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس یاداشت کے تحت سروے آف پاکستان کے ماہرین اور پروفیشنلز اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کا مکمل سروے کر کے کیڈسٹرل میپ(Cadastral Map) تیار کر کے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی ڈویلپمنٹ کے لئے سی ڈی اے کے حوالے کریں گے۔
اسلام آباد کی منصوبہ بندی اور ترقی سی ڈی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے اسلام آباد کا مکمل سروے اور اس کی نقشہ سازی ایک اہم سرگرمی ہے۔ سروے آف پاکستان 1960 سے سروے اور نقشہ سازی کی سرگرمیوں سے متعلق سی ڈی اے کو سروسز فراہم کررہا ہے اور سی ڈی اے کی ضروریات کے مطابق مختلف پروجیکٹس کے لیے یہ سروسز فراہم کی جا رہی ہیں کیونکہ باہمی تعاون کو زیادہ موئثر بنانے کے لیے سی ڈی اے کو سروے اور نقشہ سازی کے میدان میں ان سروسز کی ضرورت ہے۔

اس مفاہمت کی یادداشت کی نمایاں خصوصیت سی ڈی اے لینڈ کے تمام سروینگ اور میپنگ کے کام پر مشتمل ہے لیکن اسے محدود نہیں کیا گیا بلکہ سی ڈی اے لینڈ کی حد بندی / ڈیجیٹلائزیشن، اسلام آباد کا کیڈسٹرل میپنگ، گراؤنڈ پر سیکٹرز کے انٹرسٹیکٹنگ پوائنٹس (آئی پی) کی نشاندہی، ٹپوگرافک سروے کسی بھی سیکٹر / اسکیم کی ترقی سے پہلے، نالہ کے ایل سیکشنز اور کراس سیکشن، سڑکیں، حد کا تعین، سی ڈی اے کے ذریعہ مقامی افراد کو ایوارڈ دینے کے لئے ایکوائرڈ سیکٹر میں بلٹ اپ ایریا کا حساب کتاب، فراہمی / مرمت اور سروے کے سامان کی بحالی وغیرہ کے لیے سروے آف پاکستان (ایس او پی) کو ریفر کیا جائے گا۔ سیٹلائٹ امیجری یا LIDAR ڈیٹا جہاں CDA کے منصوبوں کے لئے ضروری ہو وہ سروے آف پاکستان سے مشاورت کے بعد CDA کو فراہم کیا جائے گا۔یہ ڈیجیٹل ڈیٹا WGS-84 اور UTM پروجیکشن کی شکل میں سی ڈی اے کو فراہم کیا جائے گا۔
جدید ٹیکنالوجی کے حامل اس نقشے سے جہاں اسلام آباد کی لینڈ مینجمنٹ کو اپ گریڈ کرنے میں مدد ملے گی وہاں اسلام آباد میں سی ڈی اے کی طرف سے ایکوائر کی جانے والی زمین کے علاوہ مستقبل میں ایکوائر کی جانے والی زمین کے عمل میں زیادہ آسانی اور شفافیت ممکن ہو سکے گی۔ سی ڈی اے اور سروے آف پاکستان کے درمیان ہونے والے اس مفاہمتی سمجھوتے سے اسلام آباد میں نئے سیکٹروں کے لیے اراضی کے حصول کے علاوہ بلٹ اپ پراپرٹی کے درست تعین میں بھی مدد ملے گی۔ اس سمجھوتے کے تحت اسلام آباد کی تمام زمین کو ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا جس کے بعد سی ڈی اے کے پاس اسلام آباد کا مکمل ڈیٹا محفوظ ہو جائے گا جس میں زمین کی نوعیت، استعمال اور مالکان کا تعین ہو جائے گا اور سی ڈی اے کے پاس زمین،گھر اور ہر قسم کی جائیداد کی مکمل تفصیلات موجود ہو ں گی جن کی موجودگی سے زمین کے تنازعات اور دیگر حل طلب امور کو نمٹانے میں زیادہ آسانی ہو گی۔ علاوہ ازیں جدید ٹیکنالوجی کے حامل زمینی پیمائش کے نقشے(Cadastral Map)کی موجودگی میں دفتری کاروائی کو کم وقت میں نمٹایا جا سکے گا جبکہ سی ڈی اے کے پاس موجود ریوینو کے ریکارڈ کی ڈیجیٹیلائزیشن (Digitalization)سے ریکارڈ میں تبدیلی اور جعلسازی کا سدباب بھی کیا جا سکے گا۔ سی ڈی اے اور سروے آف پاکستان کے مابین ہونے والے اس مفاہمتی سمجھوتے کے باعث اکٹھے کئے جانے والے ڈیٹا سے اسلام آباد کی تعمیر و ترقی، مختلف میگا پراجیکٹس کی منصوبہ بندی اور زمین کے مفید استعمال میں بھی مدد ملے گی۔ اس یاداشت کے تحت سی ڈی اے سروے آف پاکستان کے ماہرین کو سروے مکمل کرنے کے لیے مطلوبہ معاونت فراہم کرے گا اور سروے کرنے والے ماہرین کو فیلڈ سروے کے دوران دفاتر کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کرے گاجبکہ سروے آف پاکستان سی ڈی اے کے سٹاف کو سروے کے جدید آلات بشمول ٹوٹل سٹیشن، گلوبل پوزیشننگ سسٹم(GPS)اور جیو گرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) سے متعلق سروے ٹریننگ انسٹیٹیوٹ(STI)میں ضروری تربیت بھی دے گا جس کے لیے سی ڈی اے ادائیگی کرے گا۔
یہ MoU ابتدائی طور پر تین سال کے لیے کیا گیا ہے تاہم باہمی رضا مندی سے اس میں مزید توسیع بھی کی جا سکے گی۔