وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس؛ سری لنکن منیجر کے قتل کے ظالمانہ فعل پر تشویش کا اظہار

 
0
163

اسلام آباد 06 دسبمر 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر جائزے کیلئے اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے منیجر کے قتل کے ظالمانہ فعل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں قصور واروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ اجلاس میں سری لنکن شہری کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔