ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب ہی یہ ہے کہ عوام جسے چاہیں ووٹ دیں، رانا ثناء اللہ

 
0
164

اسلام آباد 11 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کرنے میں مدد کی وہ اب انہیں ہٹانے میں بھی عوام کی مدد کریں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کل تقریباً 5 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت بڑھائی گئی، ڈالر کی قیمت 200 تک پہنچ گئی تو ملک کی معیشت کا کیا ہو گا؟ غریب اور تنخواہ دار کس طرح گزارہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نااہل ٹولہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے، عوام باہر نکلیں، اس نااہل اور نالائق ٹولےکو نہ ہٹایا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پنجاب میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے متعلق سوال پر صدر مسلم لیگ ن پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی کے پنجاب میں منظم ہونے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے اس نااہل حکومت کو مسلط کیا وہ بھی خدا کا خوف کریں اور قوم پر رحم کریں، جس طرح اس حکومت کو مسلط کرانے میں مدد کی ہے اب ان سے نجات دلانے میں بھی عوام کی مدد کریں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عوام اپوزیشن کی آواز پر کان دھریں اور حکومت کیخلاف کھڑے ہو جائیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب ہی یہ ہے کہ عوام جسے چاہیں ووٹ دیں، انتخابی جلسوں میں نعروں اور تقریروں میں اونچ نیچ ہو جاتی ہے لیکن آصف زرداری سینئر سیاستدان ہیں انہیں بہتر الفاظ کا چناو کرنا چاہیے تھا۔