اسلام آباد (ٹی این ایس) سی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں کی زیرصدارت رمضان المبارک میں ٹریفک پلان کے حوالے سے اہم اجلاس۔
ضلع بھر میں ٹریفک پولیس کے 450 سے زائد افسران و جوان تعینات کئے جارہے ہیں۔سی ٹی او اسلام آبادنے تمام افسران کو رمضان المبارک میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، سستے بازاروں، سحری و افطاری اور تراویح کے دوران ٹریفک ڈیوٹیز کے بابت اہم ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں کی زیرصدارت ٹریفک ہیڈکوارٹر فیض آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی ٹریفک ماجد اقبال، تمام زونز کے ڈی ایس پیز اور محرران نے شرکت کی۔ سی ٹی او اسلام آباد نے اجلاس میں تمام افسرا ن کو مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، سستے بازاروں، سحری و افطاری اور تراویح کے دوران ٹریفک ڈیوٹیز کے بات اہم ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 450 سے زائد افسران و جوان تعینات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں مساجد و امام بارگاہوں کی انتظامیہ کے ساتھ باہمی رابطہ رکھیں اور سلسلہ وار میٹنگزکا انعقاد کریں تاکہ مساجد و امام بارگاہوں کے باہر پارکنگ کے نظام کو موثر رکھا جائے۔ رمضان سستے بازاروں، مارکیٹوں میں ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے جبکہ پانچ اہم مراکز میں افطار کے بعد ٹریفک پولیس کے ہیلپ ڈیسک قائم کئے جارہے ہیں جو مارکیٹ میں آنے والے شہریوں کو سہولیات فراہم کریں گے۔ سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ افسران سحری و افطاری فیلڈ میں اپنے جوانوں کے ساتھ کریں اور ان کا حوصلہ بڑھائیں۔ اسی طرح تمام افسران شہریوں کے ساتھ اپنا رویہ مثبت رکھیں، ان کے ساتھ روابط بڑھائیں، کسی شہری کے ساتھ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افسر کو دوسروں کے لئے مثال بنایا جائے گا۔ایس پی ٹریفک اور زونز کے ڈی ایس پیز خود فیلڈ میں رہیں گے ۔ ہائی ویز پر سحری و افطاری کے بعد ون ویلنگ کے خلاف خصوصی دستے ان ایکشن ہوں گے اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فیصل مسجد میں نمازیوں کو بہترین پارکنگ سہولیات مہیا کرنے کے کئے الگ ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔ سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے ویژن کے مطابق رمضان المبارک میں شہریوں کو ٹریفک کے متعلق زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے
















