اسلام آباد 16 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد، وفاقی دارالحکومت کی فضا میں آلودگی کی مقدار میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ، شام کے اوقات میں فضا میں آلودہ ذرات پی ایم 2.5 کی مقدار رواں سیزن کی بلند ترین سطح پر143ug/m3تک جا پہنچی ، آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے پر نزلہ ، زکام ، کھانسی اور موسمی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ،اسلام آباد کی فضا میں آلودہ ذرات پی ایم 2.5 کی 24گھنٹوں کی اوسط مقدار 129اعشاریہ 28ریکارڈ کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے بارش نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد میں فضائی آلودگی کی مقدار میں ایک بار پھر خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کے اعدادو شمار کے مطابق شہر اقتدار میں گزشتہ روز رات 12سے صبح 8بجے تک پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار 139اعشاریہ 7رہی ، صبح 8سے دن چار بجے تک پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار 106اعشاریہ 06رہی ، شام چار بجے سے رات 12بجے تک فضا میں پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار 143ug/m3رہی جبکہ 24 گھنٹوں کی اوسط مقدار 129اعشاریہ 28ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کے مطابق فضا میں پی ایم 2.5 ذرات کی مقدار35ug/m3سے بڑھنے پر فضا انسانی صحت کیلئے مضر ہو جاتی ہے جبکہ شہر اقتدار میں فضائی آلودگی کی مقدار مقررہ حد سے 4گنا سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔