ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے آئی جی پی پنجاب کی پروموشن پالیسی کے مطابق اے ایس آئی سے سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی کی خالی اسامیوں پر ترقی دے دی گئی

 
0
215

راولپنڈی 15 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے آئی جی پی پنجاب کی پروموشن پالیسی کے مطابق اے ایس آئی سے سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی کی خالی اسامیوں پر ترقی دے دی گئی۔ پروموشن بورڈ کی سفارشات پر53اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر جبکہ 11ہیڈ کانسٹیبلان کو اے ایس آئی کے عہدہ پر ترقی دے دی گئی۔ترقی پانے والے تمام اہلکار عوام الناس کی حفاظت اور خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے بہترین طرز عمل سے محکمہ پولیس کی نیک نامی کا باعث بنیں۔ آر پی او اشفاق احمد خان

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی اشفاق احمد خان نے اے ایس آئی سے سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی کی ترقی کے لیے قائم محکمانہ پروموشن بورڈ کی صدارت کی۔ بورڈ ممبران میں سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی،ڈی پی او چکوال محمد بن اشرف،ڈی پی او اٹک رانا محمد شعیب شامل تھے جنہوں نے ریجنل دفتر جبکہ ڈی پی او جہلم رانا طاہر رحمان نے اپنے دفتر سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی پروموشن پالیسی کے مطابق جونیئر رینکس کی خالی اسامیوں پر ترقی کے احکامات جاری کیے گئے تھے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آر پی او راولپنڈی ریجن نے محکمانہ بورڈ کی سفارشات کے مطابق تمام زیر غور اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور ہیڈکانسٹیبلان کی تفتیشی مہارت، عوام سے طرز عمل اور فیلڈڈیوٹی سے متعلقہ تمام امور کی جانچ پڑتال کے بعد65اے ایس آئیز میں سے 53 کو سب انسپکٹر اور12ہیڈ کانسٹیبلان میں سے 11ہیڈکانسٹیبلان کو اے ایس آئی کے عہدہ پر ترقی دے دی گئی۔ترقی پانے والے اہلکاروں کے احکامات عنقریب بذریعہ نوٹیفیکیشن جاری کردیئے جائیں گے۔ ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے ترقی پانے والے اے ایس آئیز اور ہیڈ کانسٹیبلان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب آپکی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے آپ اپنے ذمہ لگائی گئی ڈیوٹی کو پہلے سے زیادہ احسن طریقے سے سر انجام دیں اور عوام الناس کی حفاظت اور خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔فورس کے ایک رکن کے خلاف قانون فعل سے پوری فورس کی بدنامی ہوتی ہے لہٰذا آپ فرائض کی بجاآوری کے دوران کسی بھی ایسے فعل سے اجتناب کریں جس سے محکمہ کی ساکھ اور آپکی عزت پر حرف آئے۔آپ کی اس عہدے پر ترقی آپکے پاس امانت ہے اور مزید ترقی حاصل کرنے کے لیے آپ کو زیادہ محنت درکار ہے۔