کراچی میں خاتون نے بچی سمیت خودکشی کر لی

 
0
304

کراچی 17 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): کراچی کے علاقے سرجانی بابا موڑ کے قریب ایک خاتون نے اپنی 3 سالہ بچی سمیت تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر جان دیدی۔ واقعہ گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سرجانی ٹاؤن بابا موڑ کے قریب واقع بڑے رہائشی پراجیکٹ میں پیش آیا، جہاں ایک 30 سالہ خاتون نے عمارت کی تیسری منزل سے پہلے اپنی تین سالہ بچی کو نیچے پھینکا اور کچھ سیکنڈ بعد خاتون نے بھی تیسری منزل سے چھلانگ لگادی۔

واقعے میں خاتون اور بچی موقع پر ہی انتقال کرگئے، جن کی لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ سوہائے عزیز نے بتایا کہ واقعے میں انتقال کرنیوالی خاتون اور بچی ماں، بیٹی ہیں، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ خاتون نے بچی کو پھینکنے کے بعد اپنی بھی زندگی کا خاتمہ کیا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے اہل محلہ کے بیانات قلم بند کئے ہیں جنہوں نے بتایا ہے کہ مرحومہ کا اپنے شوہر کے ساتھ اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا اور مرحومہ کا شوہر بہت کم اپنے گھر آتا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے ہیں۔ مرحومہ کے بیڈ روم میں سامان بکھرا ہوا پایا گیا ہے تاہم اہل محلہ کے مطابق انہوں نے کسی کو فلیٹ میں آتے جاتے نہیں دیکھا۔

ایس ایس پی سوہائے عزیز کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ مرحومہ نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا لیکن تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے پر ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

مرحومہ کے شوہر کے بارے سوال پر ایس ایس پی نے بتایا کہ مرحومہ کا شوہر ابھی تک منظر عام پر نہیں آیا لیکن پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون کی یہ چوتھی شادی تھی، وہ اس علاقے میں تین ماہ سے رہ رہی تھیں جبکہ شوہر کا فون بند آرہا ہے۔ خاتون کے والد شفیق نے واقعے کو قتل قرار دیدیا