عام آدمی اور کم آمدن والے تنخواہ دار طبقہ کو پہلی مرتبہ اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا ”میرا پاکستان، میرا گھر ہائوسنگ قرضہ سکیم” کی تقریب سے خطاب

 
0
157

اسلام آباد 24 دسمبر 2021 (ٹی ای ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی اور کم آمدن والے تنخواہ دار طبقے کو پہلی مرتبہ اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کر رہے ہیں یہ ایک تاریخی لمحہ ہے ، تعمیراتی شعبے کے فروغ سے ہماری معیشت بہت بہتر ہو گی اور تنخواہ دار طبقے کا اپنے گھر کا خواب پورا ہو گا ، بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کر کے پیسہ جمع کرتے ہیں ان کی بھی خواہش یہی ہوتی ہے کہ و اپنا گھر بنا سکیں، ملک میں اشرافیہ کی سوچ رکھنے والوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، 22کروڑ کے پاکستان کو بہت مضبوط ہونا چاہئے تھا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ”میرا پاکستان، میرا گھر ہائوسنگ قرضہ سکیم” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گورنرسٹیٹ بینک اور چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی محنت سے عام آدمی اور تنخواہ دار طبقہ کو اپنے گھر کی سہولت کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جیسا کہ مشیر خزانہ نے بتایا کہ اس حوالہ سے 1990ء سے قانونی رکاوٹیں تھیں، یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب میں کرکٹ کھیلتا تھا تو بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا، ان کی خواہش صرف یہ ہوتی تھی کہ وہ اتنا پیسہ کما لیں کہ ملک میں اپنا گھر بنا سکیں، ماضی میں حکومتوں نے اس طرف توجہ ہی نہیں دی، بیرون ملک تنخواہ دار طبقہ کو وہاں کی حکومتیں قرض کی سہولت دیتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتیں اور فیصلہ سازوں نے اس بارے میں نہیں سوچا اور ملک میں اشرافیہ کی سوچ رکھنے والوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے ملک کمزور سے کمزور تر ہوتا گیا اور اشرافیہ نے بیرون ملک پیسہ بنایا، سرکاری ہسپتالوں میں معیاری علاج ہوتا تھا لیکن رفتہ رفتہ نجی ہسپتالوں کی بھرمار سے سرکاری ہسپتالوں کی حالت خراب ہو گئی کیونکہ اشرافیہ نے اس طرف توجہ نہیں دی کیونکہ وہ علاج ہی بیرون ملک سے کراتے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین میں نچلے طبقہ سے اوپر کی جانب ترقی ہوئی، پاکستان میں بے پناہ صلاحیت ہے لیکن بدقسمتی سے کمزور طبقوں کو اہمیت نہیں دی گئی، مجھے خوشی ہے کہ عام آدمی اور تنخواہ دار طبقہ کو پہلی مرتبہ گھر بنانے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بینکوں میں ایسا نظام ہی نہیں تھا جس سے عام آدمی رسائی حاصل کر سکے لیکن اب بینکوں نے اپنے نظام میں بہتری لائی ہے جس کی وجہ سے 6 ماہ کے عرصہ میں قرض ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ مزید مارکیٹنگ کریں اور اپنے نظام کو عام آدمی کی رسائی کیلئے بہتر بنائیں، آنے والے دنوں میں بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے جس سے ایک طرف کمزور طبقہ کو گھر میسر آئے گا اور تعمیراتی شعبہ کے فروغ سے ہماری معیشت تیزی سے آگے بڑھے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قرض حاصل کرنے والے افراد کو گھروں کی چابیاں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے بینکوں کے چیف ایگزیکٹو افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب سے مشیر خزانہ شوکت ترین، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے چیئرمین انور علی حیدر نے بھی خطاب کیا۔