وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) سیکٹر E-12 اور I-12 میں تعطل کے شکار ترقیاتی کام شروع کرنے کے لئے پر عزم ہے

 
0
238

اسلام آباد 27 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) سیکٹر E-12 اور I-12 میں تعطل کے شکار ترقیاتی کام شروع کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

اس ضمن میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔

سی ڈی اے کے انجینئرنگ اینڈ ڈیزائن ونگ نے E-12 کے باقی ذیلی سیکٹرز یعنی E-12/1 اور E-12/4 کے ڈیزائن اور تخمینے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ مذکورہ دو نوں سب سیکٹرز کے لیے ٹینڈرز ایک ہفتے کے اندر جاری کردئیے جائیں گے اور جنوری 2022 کے آخری ہفتے میں با قاعدہ ترقیاتی کا موں کا آغاز ہونے کا امکان ہے جبکہ دیگر 2 ذیلی سیکٹرش میں ترقیاتی کام پہلے ہی جاری ہیں۔

اسی طرح سیکٹر I-12 کے ترقیاتی کام سی ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ سیکٹر I-12کے تمام سب سیکٹرز میں مختلف کاموں کے لیے تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے اور اس کے لیے بھی ٹینڈرز 10 دن کے اندر اخبارات میں شائع کردئیے جائیں گے جب کہ فروری 2022 کے پہلے ہفتے میں با قاعدہ ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

ان دونوں سیکٹرز میں ترقیاتی کا موں کے آغاز اور تکمیل سے ان سیکٹر ز کے الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جا سکے گاجو اسلام آباد میں گھر بنانے کے لیے برسوں سے انتظار کررہے ہیں۔

سی ڈی اے جنوری میں E-12 میں ترقیاتی کاموں کو ایوارڈ کرنے اور جنوری کے شروع میں I-12 کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ ان سیکٹرز میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ترقیاتی کام تعطل کا شکار تھے جو موجودہ انتظامیہ کی شب و روز کاوشوں سے اب شروع ہو رہے ہیں۔