ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے سیکورٹی، لاء اینڈ آرڈر اور کرائم کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ریجنل پولیس دفتر میں میٹنگ کا انعقاد کیا

 
0
474

راولپنڈی 27 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے سیکورٹی، لاء اینڈ آرڈر اور کرائم کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ریجنل پولیس دفتر میں میٹنگ کا انعقاد کیا۔ سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی سمیت ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید غضنفر علی،ایس ایس پی لیگل راجہ عظمت حیات، ایس ایس پی آر آئی بی عبدالفاروق و دیگر افسران نے ریجنل دفتر جبکہ ڈی پی او اٹک رانا محمد شعیب، ڈی پی او چکوال محمد بن اشرف اور ڈی پی او جہلم رانا طاہر رحمان خان نے بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں شرکت کی۔تمام ضلعی پولیس افسران نے سیکورٹی، لاء اینڈ آرڈر اور جرائم کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔میٹنگ میں نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو زیر بحث لایا گیا۔آر پی او راولپنڈی نے شرکاء میٹنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے خصوصی حفاظتی اقدامات سمیت ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی و دیگر کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کیخلا ف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ تمام پرہجوم مقامات بالخصوص کوہ مری میں سیکورٹی کے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف موثر کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ آر پی او راولپنڈی ریجن اشفاق احمد خان نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور قانون کی بالا دستی کو قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔