سی ڈی اے ، ای پی اے میں مارگلہ روڈ پرتعمیراتی کام سے روکنے کا تنازع شدت اختیار کر گیا

 
0
247

اسلام آباد 27 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد، مارگلہ روڈ پر تعمیراتی کام سے روکنے کا معاملہ ، سی ڈی اے اور ای پی اے میں تنازع شدت اختیار کر گیا ، ڈائریکٹر اربن پلاننگ ونگ نے ای پی اے کی طرف سے کام سے روکے جانے کو آرڈیننس کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سپیشل مجسٹریٹ سردار آصف کی عدالت میں درخواست دائر کر دی ، درخواست میں ای پی اے پر اختیارات سے تجاوز کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ، سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف نے معاملے پر ای پی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین روز میں جواب طلب کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے( سی ڈی اے) اور ادارہ تحفظ ماحولیات (پاک ای پی اے ) میں مارگلہ روڈ پر کام سے روکنے کا تنازع شدت اختیار کر گیا ،ای پی اے نے سی ڈی اے پلاننگ ونگ کو درختوں کی کٹائی کرنے پر تعمیراتی کام سے روک دیا تھا، سی ڈی اے اربن پلاننگ ونگ نے سی ڈی اے کے سپیشل مجسٹریٹ سردار آصف کو خط لکھ کر خط کو بطور پٹیشن قبول کر کے ای پی اے کیخلاف کارروائی کی درخواست کی تھی ، سپیشل مجسٹریٹ سردار آصف نے معاملے پر ادارہ تحفظ ماحولیات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین روز میں جواب طلب کر لیا ۔نوٹس میں کہا گیا کہ سی ڈی اے کی جانب سے موصول درخواست میں کہا گیا ہے کہ ای پی اے نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے مارگلہ روڈ پر ماسٹر پلان اور تعمیراتی کام کرنے سے روکا، حالانکہ سی ڈی اے آرڈیننس کے سیکشن 12اور 15کے تحت انہیں ایسا کرنے کا اختیار نہیں تھا ، اور ایسا کرنے سے ای پی اے کے افسران سی ڈی اے آرڈیننس 1960کے سیکشن 46اور 46بی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ، اس حوالے سے ای پی اے تین روز کے اندر اپنا جواب جمع کروائے ، ڈائریکٹر اربن پلانگ سی ڈی اے کو بھی ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ 31دسمبر 2021کو شہادت اور دستاویزات بطور ثبوت پیش کریں کہ کس طرح ای پی اے نے انکے کام میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے انہیں ماسٹر پلان پر کام کرنے سے روکتے ہوئے سی ڈی اے آرڈیننس کی خلاف ورزی کی ہے ۔