سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ کا سیکٹر آئی الیون کا دورہ

 
0
143

اسلام آباد 01 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے ممبر انجینئرنگ نے ہفتہ کے روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی الیون کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد گزشتہ ماہ منعقد ہونے والی کھلی کچہری کے دوران دئیے جانے والے احکامات اور شہریوں کی شکایات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر ڈرایکٹر سٹریٹ لائٹس، ڈرایکٹر سیکٹر ڈیولپمنٹ، ڈرایکٹر ڈبلیو این اینڈ ایس ڈیولپمنٹ سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ممبر انجینئرنگ کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیورج نیٹ ورک سمیت گیس پائپ لائنز بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس پر دئیے جانے والے احکامات پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا کہ عنقریب سٹریٹ لائٹس کا کام بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ اسی طرح شعبہ روڈز کے افسران نے بریفننگ کے دوران بتایا کہ روڈز کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے روڈ کارپیٹنگ، لین مارکنگ، کلوٹس سمیت دیگر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جنکو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔

علاوہ ازیں سیکٹر آئی الیون میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی پائپ لائنز بچھانے کا کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور مزکورہ سیکٹر میں مناسب جگہوں کی نشاندھی کرکے ٹیوب ویلز کی تنصیب بھی جلد شروع کردی جائے گی۔

چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ہدایت پر ممبر انجینئرنگ ذاتی طور پر ان کاموں کی نگرانی کررہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام مسائل کے فوری حل کے لئے تمام متعلقہ شعبوں کے افسران کو فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ جلد از جلد ان سیکٹرز میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔