لاہور 07 جنوری 2022 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے بارش کی جاری لہر کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک وارڈنز او ر پولیس اہلکاروں کو اپنے فرائض پہلے سے زیادہ محنت، تندہی اور جذبہ خدمت کے تحت ادا کرنے کی ہدایت کی ہے آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھیں اور شہریوں کی مددکا اپنا شعار سمجھیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ شاہرات پر گاڑی یا موٹر سائیکل بند ہونے سے مشکل کے شکار شہریوں کو مدد اور راہنمائی بھی فراہم کی جائے جبکہ ڈولفن پولیس کے اہلکار بھی دوران گشت مشکلات کے شکار شہریوں کو ہر ممکن مدد اور تعان فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ چیف ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں نکلیں اور اہم مقامات پر ٹریفک کی مسلسل روانی کا جائزہ لیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ صوبے کی مرکزی شاہرات پر پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کے اہلکار شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر سے بہتر بنائیں جبکہ پولیس اور ٹریفک ٹیمیں مل کر مؤثر کوارڈی نیشن سے دوران بارش حادثات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات یقینی بنائیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مری کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے راولپنڈی پولیس وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کرے تاکہ مری کی شاہراہوں پر سیاحوں کو پیش آنے والی کسی بھی پریشانی کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جائے۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ بالخصوص ویک اینڈ پر سیاحوں کی راہنمائی اور ٹریفک کی بہتر روانی کے لیے مری پولیس تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک وارڈنز کے ساتھ ساتھ سینئر افسران خود بھی اہم شاہراہوں، چوکوں اور مصروف پوائنٹس پر موجود رہیں جبکہ اہلکاروں کو چھتریاں،رین کوٹس سمیت دیگر ضروری سازو سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ دوران بارش شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اور کھلے علاقوں میں فوگ لائٹس کے استعمال پر آگاہی بھی دی جائے تاکہ حادثات سے بچاجاسکے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ انڈرپاسز سمیت کسی بھی مقام پر موٹر سائیکلوں یا گاڑیوں کو جمع نہ ہونے دیاجائے تاکہ کسی جگہ ٹریفک کا غیر ضروری دباؤ نہ ہوسکے اور ٹریفک کی ہموار روانی یقینی رہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تفریحی مقامات پر رات کے اوقات میں ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پرموجود رہیں اور شہریوں کو مدد اور راہنمائی فراہم کریں, واضح رہے کہ ٹریفک وارڈن انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پرصوبہ بھر کے پولیس اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹی دوران بارش سر انجام دے رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کی جانب سے دوران بارش فرض کی ادائیگی پر شہریوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہےمحکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا اور مون سون کا سپیل اتوار تک شہر میں بارش برساتا رہے گا۔بارش کے بعد شہر کی پھر وہی صورتحال رہی، کئی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا۔ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکار ان کی بھر پور مدد کرتے نظر آئے