برمنگھم جولائی30 (ٹی این ایس )برطانیہ میں 14 سالہ لڑکی کو ایک ہی رات میں دو بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس کے بعد پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 14 سالہ لڑکی اپنی دوست کے ساتھ برمنگھم کے ولٹن ٹرین اسٹیشن پر موجود تھی جب ایک شخص نے اسے دبوچ لیا اور اسٹیشن کے سنسان حصے میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ اس کے بعد لڑکی صدمے کی حالت میں ریلوے اسٹیشن سے باہر نکلی اور مدد کیلئے گاڑیوں کو روکنے لگی۔ لڑکی کے اشارے پر ایک گاڑی رکی اور وہ اس میں سوار ہو گئی تاہم گاڑی میں موجود شخص نے بھی اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔اس کے بعد لڑکی اپنے گھر پہنچی اور پولیس کو ٹیلی فون کر کے سارے واقعہ سے آگاہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی شکایت پر دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے ایک کی عمر 35 اور دوسرے کی 27 برس ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں کو ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے جنسی زیادتی کے واقعہ کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور جس شخص نے گاڑی میں مبینہ طور پر لڑکی سے زیادتی کی اس کی تلاش شروع کر دی گئی۔ پولیس نے شہریوں سے بھی اس حوالے سے تعاون کی اپیل کی ۔