راولپنڈی انتظامیہ نے ملکہ کوہسار میں داخلے کیلئے مشروط اجازت دیدی

 
0
142

اسلام آباد 15 جنوری 2022 (ٹی این ایس): مری میں 23 افراد کی ہلاکت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ملکہ کوہسار میں داخلے کے لیے مشروط اجازت دیدی، مری میں روزانہ 8 ہزار گاڑیوں کی اجازت دے دی گئی، 17 جنوری تک مری سیاحوں کیلئے بند رہے گا،داخلی گاڑیوں پر پابندی مری اور آزادکشمیر کے رہائشیوں پر لاگو نہیں ہو گی، چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے، حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک آفیسر کی ہو گی، شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوسکے گا، ایکسین چیف ٹریفک آفیسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے، چیف ٹریفک آفیسر، سٹی پولیس آفیسر مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے مری میں سیاحوں کے داخلے کی مشروط اجازت دے دی جس کے تحت 12 گھنٹوں میں صرف8 ہزار گاڑیاں داخل ہوسکیں گی۔ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ڈیزائسٹر منیجمینٹ اتھارٹی کے اجلاس کے بعد نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کی داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج، مری اور آزادکشمیر کے رہائشیوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔علاوہ ازیں چیف ٹریفک آفیسر مری ٹریفک پلان ترتیب دیں گے اور حد سے زائد گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری بھی چیف ٹریفک افسر کی ہوگی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مری میں سیاحوں کا داخلہ نہیں ہوسکے گا اور ایکسین، چیف ٹریفک افسر محکمہ موسمیات سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیف ٹریفک افسر اور سٹی پولیس افسر، موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر گاڑیوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مناسب نفری تعینات کرنے کے پابند ہوں گے۔