امریکی نمائندہ الہان عمر کی عمران خان سے ملاقات، نیا تنازع بن گیا

 
0
146

اسلام آباد 21 اپریل 2022 (ٹی این ایس): امریکی نمائندہ الہان ​​عمر اسلام آباد کے دورے پر آئی ہوئی ہیں جو کہ گزشتہ ہفتے نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی امریکی قانون ساز کا پہلا دورہ پاکستان ہے لیکن سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ان کی ملاقات پر ایک نئے تنازع نے جنم لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق الہان عمر کی یہ ملاقات اس لیے بھی تنازع کا سبب بن رہی ہے کیونکہ عمران خان مسلسل اپنی اقتدار سے آئینی طریقے سے برطرفی کا ذمے دار امریکا کو قرار دے رہے ہیں۔

الہان عمر نے صدر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا کھر اور قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف سمیت متعدد پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں لیکن دراصل عمران خان کے ساتھ ان کی ملاقات نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی۔

عمران خان کی کابینہ میں انسانی حقوق کی وزارت سنبھالنے والی ڈاکٹر شیریں مزاری نے اس ملاقات کے بارے میں ٹویٹ کیا، انہوں نے لکھا کہ امریکی رکن کانگریس الہان ​​عمر نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی، انہوں نے اسلاموفوبیا اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

الہان نے عمران خان اور عالمی سطح پر اسلام فوبیا کے خلاف ان کے موقف اور کام کی تعریف کی، عمران خان نے مسائل پر ان کے جرات مندانہ اور اصولی موقف کو سراہا۔

سوشل میڈیا نے عمران خان سے امریکی قانون ساز سے ملاقات کے بارے میں فوری طور پر سوال کیا اور انہیں یاد دہانی کرائی کہ اپوزیشن شخصیات کی امریکی حکام سے ملاقات کو کس طرح تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

ناصرف صحافیوں بلکہ ٹوئٹر پر عام عوام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے صارفین نے اس ملاقات کی وجہ دریافت کی، حکومتی عہدیدار بھی اس بحث میں کود پڑے اور اس معاملے پر عمران خان پر تنقید کرنے سے باز نہ آئے۔