وزیراعظم، چینی صدر کی ملاقات میں خطے کے امن کیلئے کوششوں پر اتفاق

 
0
196

اسلام آباد 06 فروری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم اور چینی صدر کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر افغانستان میں انسانی تباہی روکنے کیلئے فوری اقدامات پر زوردیا، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اورعمران خان نے شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی، ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا چین پاکستان کا ثابت قدم ساتھی، کٹر حامی اور آئرن برادر ہے، پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری نے وقت کی آزمائشوں کا مقابلہ کیا، دونوں ممالک امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی مشترکہ امنگوں کو عملی جامہ پہنانے میں شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو پائیدار ترقی، صنعتی ترقی، زرعی جدید کاری اور علاقائی رابطوں کے لیے اپنی حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی مسلسل حمایت اور مدد کی تعریف کی اور کہا پاکستان نے سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی سے بہت فائدہ اٹھایا جبکہ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے ساتھ دنیا میں بڑھتے ہوئی پولرائزیشن کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چینی صدر سے ملاقات میں کہا دنیا میں بڑھتے ہوئی پولرائزیشن سے عالمی ترقی اور ترقی پذیر ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں، موسمیاتی تبدیلی، صحت کی وبائی امراض اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات ناقابل تسخیر چیلنجز ہیں، ان چیلنجز سے صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام اقوام کے تعاون کے ساتھ ہی نمٹا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی اور کہا آر ایس ایس کی ہندوتوا ذہنیت، ہندوستان میں اقلیتوں پر ظلم علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے، بھارت میں تیزی سے پھیلتی عسکریت پسندی علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری خطے میں امن و استحکام کی عکاس ہے، وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، آزادی اور قومی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور چین کے بنیادی مفاد کے تمام امور پر پاکستان کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے تسلیم کیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں اقتصادی ترقی اور رابطوں کو فروغ دے گا، عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انسانی تباہی کو روکنے میں افغان عوام کی فوری مدد کرے۔

پاک چین سربراہان نے صنعتی ، خلائی اور ویکسین کے تعاون پر مشتمل متعدد معاہدوں پر دستخط کی تعریف کی، دونوں رہنماؤں نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لیے پاک چین کمیونٹی کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔