امریکا کیلئے نامزد سفیر سردار مسعود خان کی وزیر خارجہ سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر گفتگو

 
0
113

اسلام آباد 09 فروری 2022 (ٹی این ایس): امریکا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکا میں بطور سفیر نامزدگی پر سردار مسعود خان کو مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ ساتھ دو طرفہ، وسیع البنیاد اور کثیرالجہتی تعلقات کا خواہاں ہے اور پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے، حکومت جغرافیائی، اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے پر گامزن ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے، دنیا کی توجہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے میسر وسیع مواقعوں کی جانب مبذول کروائی جائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ آپ جیسے وسیع تجربے کے حامل اور منجھے ہوئے سفارت کار کی تعیناتی سے، پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

امریکا کیلئے نامزد سفیر سردار مسعود خان نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ان کی ہدایات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔