اسلام آباد (ٹی این ایس) سی بی اے یونین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کیا جائے، جنرل سیکرٹری شلمبرجر یونین مزدوروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھرپور احتجاج کریں گے۔ یونین عہدیداران

 
0
6

اسلام آباد (ٹی این ایس)شلمبرجر سیکو کی انتظامیہ نے مزدوروں کے خلاف عدالتی احکامات کے باوجود تادیبی کاروائیاں شروع کی ہوئی ہیں، یونین کے ساتھ کیے گئے ملازمین کے حوالے سے معاہدوں پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے مزدور سخت بے چینی کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شلمبرجر پاکستان ورکرز یونین کے جنر ل سیکرٹری ملک عبدالحمید نے اپنی مجلس عاملہ کے اہم اور ہنگامی اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ملک بھر سے یونین کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔ انھوں نے کہاکہ انتظامیہ مزدور دشمن فیصلے کر رہی ہے، اور ملازمین کو جبری طور پر ملازمتوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔
اوقات کار سے زائد کام لے کر اوور ٹائم سمیت الاوئنسز نہیں دیے جا رہے ہیں، ملازمین سے جبری مشقت لے کر قومی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہیں۔ اداروں کے شعبوں کو بغیر سی بی اے یونین کی مشاورت سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ اور ملازمین کو بغیر کسی معاوضے سے نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے اور ملازمین فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ عدالتی احکامات کی حکم عدولی کھلم کھلا کی جار ہی ہے اور منیجر ایچ آر توہین عدالت کا مرتکب ہے اور یونین ممبران اور عہدیداران کو ہراساں کر رہا ہے۔ سی بی اے یونین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی کی جار ہی ہے اور ملازمین کو مراعات و سہولیات نہیں دی جار ہی ہے۔ انھوں نے مینجنگ ڈائریکٹر شلمبرجر، کنٹری کنٹرولر اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ
ادارے میں موجود مزدور دشمن عناصر کے خلاف انکوائری کی جائے اور یونین کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے مزدوروں کو ان کے واجبات اور الاوئنسز دیے جائیں۔ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ملازمین کے مسائل کو فوری طور پر ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جائے تا کہ شہر کا صنعتی امن قائم رہ سکے۔ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کیے گئے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ہم اپنا جمہوری اور قانونی حق استعمال کریں گے۔ اور شہر میں بدامنی اور صنعتی امن خراب ہونے کی تمام تر ذمہ داری ادارے کی انتظامیہ اور منیجر ایچ آر پر ہوگی۔