جب تک میں زندہ ہوں، اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا: وزیر اعظم

 
0
1069

اسلام آباد 06 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے میلسی میں جلسہ عام سے خطاب میں جنوبی پنجاب صوبے کیلئے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم لانے کا اعلان کردیا۔

میلسی میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جلد جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی آئینی ترمیم لائیں گے اور اب دیکھتے ہیں کہ پی پی پی اور ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے پر ہماری حمایت کریں گے یا نہیں، یہ سب کے سامنے آ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے 500 ارب روپے مزید خرچ کریں گے، ہماری پالیسیوں سے کسانوں کو زیادہ فائدہ ہوا ہے، چین سے ایک لاکھ ٹن کھاد منگوائی ہے جو کہ ایک ہفتے میں پہنچ رہی ہے، ہم دنیا کے مقابلے میں پاکستانیوں کو سستی کھاد دے رہے ہیں، اس پر سبسڈی دے رہے ہیں۔

جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ نہ آج تک عمران خان کسی کے سامنے جھکا ہے اور جب تک میں زندہ ہوں، اپنی قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کہ جو خط آپ نے ہمیں لکھا ہے کیا وہ آپ نے بھارت کو بھی لکھا ہے؟ ماضی میں نیٹو کا ساتھ دینے سے پاکستان کو کیا ملا؟ 80 ہزار لوگوں کو جانیں گئیں اور ملک کو 100 ارب سے زیادہ کا نقصان ہوا، کیا یورپی سفیروں نے ہمارا شکریہ ادا کیا جو کچھ ہم نے ان کیلئے کیا؟

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان جنگ میں جب ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا بلکہ آپ نے تو ہمیں اپنی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا، جب بھارت نے کشمیر میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی تو کیا آپ نے بھارت سے رابطہ توڑا، تجارت بند کی؟ بھارت پر تنقید کی؟

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کو کوئی شرم نہیں آئی جب ڈرون حملوں میں ہمارے شہری مر رہے تھے؟ یہ دونوں ڈاکو اس لیے نہیں بول رہے تھے کیونکہ ان چوروں کو بیرون ملک اپنا پیسے کی فکر تھی، ماضی میں پیسے کی پوجا کرنے والے چپ رہے اور ہمارے بے قصور لوگ ڈرون حملوں میں مرتے رہے، اگر کسی نے پاکستان پر ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی ائیر فورس کو کہوں گا یہ اُس ڈرون کو گرا دے۔