وفاقی کابینہ آج حلف اٹھائے گی چوہدری نثار کابینہ میں شامل نہیں ہونگے۔

 
0
1604

اسلام آباد اگست2(ٹی این ایس): وفاقی کابینہ آج حلف اٹھائے گی سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کابینہ میں شامل نہیں ہونگے۔نئی وفاقی کابینہ کے لئے صدر مملکت ممنون حسین آج وزراءسے حلف لیں گے۔ زیادہ تر سابق وفاقی وزرا کی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم منتخب کرانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم وہ کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت وفاقی کابینہ کے لئے ناموں پر مشاورت شروع کردی تاہم کابینہ میں زیادہ تر سابق وزرا کو ہی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں شامل وزرا شام ساڑھے 6 بجے حلف اٹھائیں گے جب کہ صدر مملکت ممنون حسین وزراءسے حلف لیں گے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے کابینہ میں شامل ہونے کا کوئی امکان نہیں، ان کی جگہ کسی اور کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گذشتہ روز 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے تھے‘وہ ملک کے18ویں منتخب جبکہ مجموعی طور پر 28ویں وزیراعظم ہیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر نے 47 ووٹ حاصل کئے‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار شیخ رشید احمد نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کئے۔