بچوں کی موجیں ہوگئیں، سکولوں میں لمبی چھٹیوں کا اعلان

 
0
209

لاہور 15 مارچ 2022 (ٹی این ایس): محکمہ تعلیم پنجاب نے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی سالانہ تعطیلات کے شیڈول کا اعلان کردیا ۔محکمہ تعلیم پنجاب نے آئندہ تعلیمی سال کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔شیڈول کے مطابق پہلی سے دہم جماعت کے بچوں کے سالانہ امتحانات مئی کے مہینے میں مرحلہ وار ہوں گے۔

یکم جون سے 31 جولائی تک تمام سرکاری، نجی اور نیم سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی سالانہ تعطیلات ہوں گی۔شیڈول کے مطابق یکم اگست سے اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگا۔پنجاب کے علاوہ سندھ میں بھی اسکولوں میں تعلیمی سال کا آغاز یکم اگست سے ہی کیا جائے گا۔سندھ حکومت کے شیڈول کے مطابق یکم سے 16 مئی تک سرکاری تعلیمی اداروں میں پہلی سے ہشتم جماعت تک کے بچوں کے امتحانات ہوں گے۔

نہم اور دہم کے طلبا کے سالانہ امتحانات 17 مئی سے ہوں گے۔جون میں گیارھویں اور بارھویں جماعت کے طلبہ کے سالانہ امتحانات لئے جائیں گے۔واضح رہے کہ کورونا کی وبا سے قبل 2019 تک ملک بھر میں اپریل اور مئی سے تعلیمی سال کا آغاز ہوتا تھا۔ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کے بعد اسکولوں اور کالجز کے طلبا کو امتحان دیئے بغیر ہی اگلی جماعتوں میں ترقی دے دی گئی تھی۔گزشتہ برس وفاقی حکومت اور صوبوں نے باہمی مشاورت سے نویں ، دسویں، گیارھویں اور بارھویں جماعت کے طلبہ سے اختیاری مضامین کے پرچے لئے تھے۔