ڈی چوک جلسہ :شہر بھر میں کیمپس و بڑی سکرینیں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،علی نواز

 
0
152

اسلام آباد 18 مارچ 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی و صدر پی ٹی آئی اسلام آباد علی نواز اعوان کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی چوک اسلام آباد میں 27 مارچ کو عظیم الشان عوامی اجتماع کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منتظم مرکزی سیکرٹیریٹ زاہد حسین کاظمی، مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد خان، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں جلسے کی تیاریوں کے بارے میںبتایا گیا کہ شہر بھر میں کیمپس کی تنصیب کا فیصلہ تحریک انصاف کی حکومت کے کارناموں کی تشہیر کیلئے شہر بھر میں ایس ایم ڈیز بھی نصب کی جائیں گی ۔

ضلعی انتظامیہ کو باضابطہ تحریری مراسلے جمع کروا دیے گئے ،مراسلے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی و صدر تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان کی جانب سے جمع کروائے گئے ۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ27مارچ کو ڈی چوک میں انسانوں کاسمندر اپنے محبوب وزیراعظم کی قیادت میں چوروں/لٹیروں کو پیغامِ اجل دیگا،

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اس فقیدالمثال اجتماع کے شرکاکی میزبانی کیلئے تیارہے، اس بارے میں شہربھر میں کیمپس اور ایس ایم ڈیزکی تنصیب کا فیصلہ کیاہے، علی اعوان نے مزید کہاکہ ضابطے کے مطابق انتظامیہ کو کیمپس اور ایس ایم ڈیز کی تنصیب کے فیصلے سے آگاہ کردیاہے، ڈی چوک کا اجتماع کرپٹ سیاست کی گرتی دیواروں کو آخری دھکا دیگا۔